بی پی ایل : افتخار کی سنچری کی بدولت فورچیون کی رنگپور کیخلاف فتح

Published On 20 January,2023 01:47 am

ڈھاکہ : ( ویب ڈیسک ) بنگلہ دیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل ) کے 18 ویں میچ میں فورچیون باریشال نے افتخار احمد کی شاندار سنچری کی بدولت رنگپور رائیڈرز کو 67 رنز سے شکست دے دی۔

چٹوگرام میں کھیلے گئے میچ میں رنگپور رائیڈرز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جبکہ فورچیون باریشال نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 238 رنز بنائے۔

افتخار احمد اور کپتان شکیب الحسن نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں ناقابل شکست 192 رنز بنائے، یہ ٹی ٹونٹی کرکٹ میں پانچویں وکٹ کی ریکارڈ پارٹنر شپ ہے، افتخار احمد نے 45 بالوں پر 9 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے سنچری مکمل کی، انہوں نے اننگ کے 19 ویں اوور میں ہم وطن فاسٹ باؤلر حارث رؤف کو مسلسل تین چھکے بھی لگائے۔

کپتان شکیب الحسن نے 43 بالوں پر 89 رنز کی اننگز کھیلی، رنگپور کی طرف سے حسن محمود اور حارث رئوف نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں رنگپور رائیڈرز 9 وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز تک محدود رہی ، شمیم حسین نے 24 بالوں پر 44 رنز کی ناٹ آئوٹ اننگز کھیلی، محمد نواز نے 33 اور محمد نائم نے 31 رنز بنائے۔

مہدی حسن میراز نے 26 رنز کے عوض 3، محمد وسیم اور قمر السلام نے دو دو وکٹیں حاصل کیں، افتخار احمد شاندار سنچری سکورکرنے پر پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔