آئی سی سی ایوارڈز 2023 کے فائنل ونرز کا اعلان آج سے شروع

Published On 22 January,2024 01:23 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے آئی سی سی ایوارڈز 2023 کے فائنل ونرز کا اعلان آج سے شروع ہوگا۔

آئی سی سی کا کہنا ہے کہ ایوارڈز کا اعلان مرحلہ وار کیا جائے گا، پہلے مرحلے میں پانچ ٹیموں کے ایوارڈز کا اعلان آج اور کل کو ہوگا۔

تمام پانچ ٹیموں کا انتخاب میڈیا کے نمائندوں کے ایک آزاد پینل کے ذریعے کیا جا رہا ہے جو آئی سی سی ووٹنگ اکیڈمی تشکیل دیتا ہے۔

آج مینز اور ویمنز ٹی ٹوئنٹی ٹیمز آف دی ایئر کا اعلان ہوگا، جبکہ مینز اور ویمنز ون ڈے ٹیمز کے ساتھ ساتھ مینز ٹیسٹ ٹیم آف دی ایئر کا اعلان کل ہوگا۔

دوسرے مرحلے میں 13 خوش قسمت کھلاڑیوں کے نام کا اعلان ہوگا جن میں راچیل فلن ٹرافی کیلئے آئی سی سی ویمنز کرکٹر آف دی ایئر اور آئی سی سی مینز کرکٹر آف دی سر گیری فیلڈ سوبرز ٹرافی کا اعلان کیا جائے گا، ان کیٹیگریز کا اعلان بدھ 25جنوری اور 26جنوری جمعرات کو کیا جائے گا۔

دی ایسوسی ایٹ، ٹی ٹوئنٹی اور ایمرجنگ کرکٹرز آف دی ایئر کے فاتحین کا اعلان بھی بدھ 25 جنوری کو کیا جائے گا۔

26 جنوری کو امپائر آف دی ایئر، مینز اینڈ ویمنز ون ڈے کرکٹرز آف دی ایئر، مینز ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر ، سر گارفیلڈ سوبرز ٹرافی، اور دی اسپرٹ آف کرکٹ ایوارڈ کا اعلان کیا جائے گا۔

یکم جنوری سے 31 دسمبر 2023 کے دوران کرکٹ میں بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کے لیے ایوارڈز کا اعلان ٹیمز آف دی ایئر کے بعد کیا جائے گا۔

ونرز کا انتخاب آئی سی سی ووٹنگ اکیڈمی اور دنیا بھر کے کرکٹ شائقین کے ووٹوں سے کیا گیا ہے جنہوں نے آئی سی سی کی ویب سائٹ (آئی سی سی کرکٹ ڈاٹ کام) پر جاکر ووٹ دیا ہے۔

یاد رہے آئی سی سی ایوارڈز کا آغاز 2004 میں کیا گیا تھا، جنوری 2021 سے آئی سی سی ہر ماہ بہترین کارکردگی دکھانے والے کرکٹرز کے لیے ایوارڈز کا بھی اعلان کرتا ہے۔