برمنگھم: (ویب ڈیسک) بھارت کے ٹیسٹ کپتان شبمن گل نے انگلینڈ کے خلاف پانچ میچز کی سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں ڈبل سنچری سکور کرکے کئی ریکارڈز اپنے نام کر لیے۔
انگلینڈ اور بھارت کے درمیان 5 ٹیسٹ میچز کی سیریز کا دوسرا میچ برمنگھم میں جاری ہے جہاں میچ کے دوسرے دن بھارتی کپتان شبمن گل نے بھارت کی پہلی اننگز میں شاندار ڈبل سنچری سکور کرتے ہوئے 269 رنز بنائے، یہ شبمن گل کے ٹیسٹ کیریئر کی پہلی ڈبل سنچری ہے۔
269 رنز کی اننگز کھیل کر شبمن گل نے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے بڑی اننگز کھیلنے والے بھارتی کپتان کا اعزاز حاصل کر لیا، اس سے قبل یہ ریکارڈ ویرات کوہلی کے پاس تھا جنہوں نے 2019 میں بحیثیت کپتان 254 رنز بنائے تھے۔
اس شاندار کارکردگی کے ساتھ 25 سالہ گل انگلینڈ میں ڈبل سنچری بنانے والے پہلے بھارتی کپتان بھی بن گئے ہیں۔
شبمن گل نے انگلینڈ میں بھارتی کپتان کی جانب سے سب سے بڑی ٹیسٹ اننگز کا محمد اظہر الدین کا 35 سال پرانا ریکارڈ بھی توڑ دیا جنہوں نے 1990 میں مانچسٹر میں 179 رنز بنائے تھے۔
اس کے علاوہ شبمن گل انگلینڈ میں ٹیسٹ میچ کی ایک اننگز میں سب سے بڑا انفرادی سکور بنانے والے بھارتی بیٹر بھی بن گئے، انہوں نے سابق بھارتی لیجنڈری کرکٹ سنیل گواسکر کا ریکارڈ توڑا جنہوں نے 1979 میں اوول کے میدان پر 221 رنز بنائے تھے۔
واضح رہے کہ انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں بھارتی کرکٹ ٹیم پہلی اننگز میں 587 رنز بناکر آؤ ٹ ہوئی، جواب میں انگلش ٹیم نے دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک 3 وکٹوں پر 77 رنز بنائے، میزبان انگلش ٹیم کو 5 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔