فیصل آباد: (دنیا نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ ہم نے کیچز ڈراپ کیے جو مہنگے ثابت ہوئے، تیسرے ون ڈے میں کم بیک کریں گے۔
جنوبی افریقہ کے ہاتھوں دوسرے ون ڈے میچ میں شکست کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کا کہنا تھا کہ 270 رنز کا ہدف ٹھیک تھا، صائم ایوب اور سلمان علی آغا کے درمیان اچھی پارٹنر شپ ہوئی، ہماری 3 وکٹیں جلد گر گئیں۔
خیال رہے کہ دوسرے ون ڈے پاکستان کو جنوبی افریقہ کے ہاتھوں 8 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا جو میچ کے ابتدائی حصے میں درست ثابت نہ ہو سکا اور پاکستان کی پہلی 3 وکٹیں صرف 22 کے مجموعی سکور پر گر گئیں۔
پروٹیز نے گرین شرٹس کی جانب سے ملنے والا 270 رنز کا ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر 40.1 اوورز میں مکمل کرلیا، دونوں ٹیموں کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کا آخری اور فیصلہ کن میچ 8 نومبر کو کھیلا جائے گا۔



