کراچی: خاتون سے چھینے موبائل سے سیلفیاں لینے والے ڈاکو پکڑے گئے

Last Updated On 13 January,2019 11:10 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں ٹیکنالوجی لٹیروں کے گلے پڑ گئی۔ خاتون سے موبائل چھیننے والے ڈاکو سیلفیوں سے پھنس گئے۔ پولیس نے گرفتاری کے بعد اسلحہ اور مسروقہ مال برآمد کر کے ڈکیتی کا مقدمہ درج کر لیا.

چوروں کو پڑ گئے مور، کراچی میں بھی کچھ ایساہی ہوا جہاں لٹیروں کو لوٹ مار کے بعد عیاشی مہنگی پڑ گئی۔ ڈیفنس کےعلاقے میں خاتون سے چھینے موبائل سے سیلفیاں لینے والے دو ڈاکو پکڑے گئے۔


خاتون کے گوگل اکاؤنٹ میں تصاویر اپ لوڈ ہوئیں تو پولیس نے ٹریس کرلیا۔ دونوں ڈاکو دھر لیے گئے۔ ملزمان نے ڈکیتی پر نادم ہونے کے بجائے سیلفی لینے کی غلطی کا اعتراف کرلیا۔

پولیس نے ملزمان سے اسلحہ اور مسروقہ مال برآمد کر کے ڈکیتی کا مقدمہ درج کر لیا۔ موبائل فون قانونی کارروائی کے بعد خاتون کے حوالے کر دیا جائے گا۔