اوکاڑہ : ( دنیا نیوز ) پنجاب کے ضلع اوکاڑہ میں پولیس مقابلے کے دوران ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔
اوکاڑہ پولیس کے مطابق تھانہ سٹی دیپالپور کی حدود میں بائی پاس پر ڈاکوؤں اور پولیس ٹیم کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک ملزم شدید زخمی ہوا جبکہ اسکے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس نے بتایا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپہ مارا تو ملزمان نے پولیس کو دیکھتے ہی اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔
پولیس نے مزید بتایا کہ جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ایک ملزم زخمی ہوا جسے گرفتار کر کے اس کے قبضے سے موٹرسائیکل اور ناجائز اسلحہ برآمد کر لیا گیا جبکہ فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لئے ناکہ بندی کر کے سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔