کراچی : رینجرز کا غیرقانونی ہائیڈرنٹس کیخلاف گرینڈ آپریشن، 69 واٹر ٹینکر ضبط

Published On 16 September,2023 12:05 pm

کراچی: (دنیانیوز) پاکستان رینجرزسندھ نے غیرقانونی ہائیڈرنٹس کےخلاف گرینڈ آپریشن کے دوران 69 واٹر ٹینکر ضبط کر لیے۔

ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق غیر قانونی ہائیڈرنٹس کے خلاف گرینڈ آپریشن کراچی کے علاقوں ایوب گوٹھ، پختون آباد، فردوس کالونی، ناظم آباد، منگھوپیر، جمشید کوارٹر اور قیوم آباد میں کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ آپریشن کشمیر ہائیڈرنٹ اور شاکر ہائیڈرنٹ سمیت 11 غیر قانونی ہائیڈرنٹس کے خلاف کیا گیا، آپریشن کے دوران 69 واٹر ٹینکر بھی تحویل میں لیے گئے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر 25 واٹر پمپ، 12 جنریٹر، پائپ، الیکٹرک کیبل اور دیگر مسروقہ سامان بھی تحویل میں لے لیا گیا ہے اور دوران آپریشن 75 ملزمان کو حراست لیا گیا۔

ترجمان کے مطابق پاکستان رینجرز سندھ غیر قانونی ہائیڈرنٹس کے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رکھے گی۔