گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) ایف آئی اے گوجرانوالہ زون نے یونان کشتی حادثہ 2023 میں ملوث بدنام زمانہ انسانی سمگلرز مبشر علی اور شفاقت علی کو راولپنڈی سے گرفتار کر لیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق دونوں ملزمان کا تعلق کوٹ بیلہ، گجرات سے ہے اور ان کے خلاف مجموعی طور پر 39 مقدمات درج تھے، ملزم مبشر علی پر کمپوزٹ سرکل گجرات میں 22 سے زائد جبکہ گوجرانوالہ میں 7 مقدمات درج تھے، جبکہ شفاقت علی کے خلاف کمپوزٹ سرکل گجرات میں 10 مقدمات زیر تفتیش ہیں۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے کے مطابق ملزمان نے 39 معصوم شہریوں کو اٹلی ملازمت کا جھانسہ دے کر فی کس 25 لاکھ روپے وصول کئے اور مجموعی طور پر 9 کروڑ 75 لاکھ روپے ہتھیائے، یہ شہری لیبیا کے راستے یورپ جانے کی کوشش میں کشتی حادثے کا شکار ہوئے، جس میں متعدد پاکستانی جاں بحق ہوئے۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی اور ہیومن انٹیلیجنس کی مدد سے ان خطرناک سمگلروں کو گرفتار کیا گیا، ان کی گرفتاری کیلئے اس سے قبل پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی چھاپے مارے گئے تھے، ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے بھی کارروائیاں جاری ہیں۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے عبدالقادر قمر نے اعلان کیا ہے کہ انسانی سمگلنگ کے بین الاقوامی نیٹ ورک کو جڑ سے ختم کیا جائے گا اور تمام ایئرپورٹس پر تعینات افسران ایجنٹوں پر کڑی نگرانی رکھے ہوئے ہیں، معصوم جانوں سے کھیلنے والوں کو سخت سزائیں دلوائی جائیں گی تاکہ آئندہ کوئی شہری ایسے دھوکے کا شکار نہ ہو۔