کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) لندن سے تعلق رکھنے والے انتہائی مطلوب ملزم محمد نورالدین عرف عرشی عرف بابا کو گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق رینجرز اور پولیس نے کورنگی ساڑھے 5 نمبر پر انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد مشترکہ کارروائی کی اور ملزم محمد نورالدین عرف عرشی عرف بابا کو گرفتار کیا، ملزم ٹارگٹ کلنگ، لینڈ گریبنگ، بھتہ خوری اور ڈکیتی میں ملوث رہا، اس سے اسلحہ اور ایمونیشن برآمد ہوا ہے۔
ملزم نے لانڈھی و کورنگی میں متعدد جرائم کا اعتراف کیا، محمد نورالدین عرف عرشی عرف بابا 2019 تک کئی قتل اور 2021 میں غیر قانونی اسلحے کے کیسز میں نامزد رہا۔
ترجمان رینجرز کے مطابق ملزم متعدد بار گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے، ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں، گرفتار ملزم کو مزید قانونی کارروائی کیلئے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔