کراچی: چوری میں ملوث پولیس اہلکار گرفتار، 125 موٹرسائیکلیں برآمد

Published On 11 October,2025 07:29 am

کراچی: (دنیا نیوز) اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل گلبرگ ڈویژن نے کارروائی کرتے ہوئے موٹرسائیکل چوری میں ملوث حاضر سروس پولیس اہلکار کو گرفتار کر لیا۔

اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل کے مطابق پولیس اہلکار کے قبضے سے چوری شدہ 125 موٹر سائیکلیں برآمد ہوئیں، ناجائز اسلحہ بھی قبضے میں لیا گیا، ملزم پولیس اہلکار کے قبضے سے ماسٹر کی برآمد کرلی گئی جو موٹر سائیکلوں کے تالے توڑنے میں استعمال ہوتی تھی۔

ملزم گلشن اقبال تھانے میں تعینات تھا، اہلکار کی شناخت وریام خان ولد دینو مگسی کے نام سے ہوئی ہے، قانون شکن پولیس اہلکار دو مختلف وارداتوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں چوری شدہ موٹر سائیکل لے جاتے ہوئے واضح طور پر نظر آیا تھا۔

اے وی ایل سی حکام نے بتایا کہ ملزم کو تھانہ یوسف پلازہ میں درج مقدمہ میں سی سی ٹی وی فوٹیج میں واضح شناخت کے بعد گرفتار کیا گیا، ملزم وریام خان اس سے قبل ناجائز اسلحہ کیس میں بھی گرفتار ہو چکا ہے، ملزم چوری شدہ موٹر سائیکلیں منشیات فروشوں کو فروخت کرتا تھا۔

اے وی ایل سی حکام نے مزید بتایا کہ ملزم کو مختلف تھانوں کے سات مقدمات میں گرفتار کیا جا چکا ہے، مزید تفتیش جاری ہے۔