معصوم بچوں کے سامنے والد کو قتل کرنے والے ملزم مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک

Published On 12 October,2025 10:15 pm

کراچی : (دنیا نیوز) اورنگی ٹاؤن میں بچوں کے سامنے اُن کے والد کو گولی مار کر قتل کرنے والا ملزم مبینہ پولیس مقابلے میں مارا گیا ہے۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) ضلع غربی طارق مستوئی نے بتایا کہ ملزم کے گرفتار ساتھی اور سی سی ٹی وی فوٹیج سے حاصل معلومات کی بنیاد پر پولیس نے مرکزی ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائی کی، پولیس کارروائی کے دوران ملزم نے اہلکاروں پر فائرنگ کر دی، جوابی فائرنگ سے ملزم مارا گیا۔

طارق مستوئی کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت نور حسین عرف نونو کے نام سے ہوئی، جس نے 28 ستمبر کو اورنگی ٹاؤن کی مصطفی کالونی میں ڈکیتی مزاحمت پر سجاد شوکت نامی شخص کو اس کے بچوں کے سامنے گولی مار کر قتل کر دیا تھا۔

مارے گئے ملزم کے دوسرے ساتھی محمد بلال کو اقبال مارکیٹ پولیس نے 3 روز قبل گرفتار کیا تھا جب کہ نور حسین کی لاش کو قانونی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

دریں اثنا، صوبائی وزیرِ داخلہ ضیا الحسن لنجار نے ایک بیان میں ڈی آئی جی ویسٹ زون اور ان کی ٹیم کی ڈاکوؤں کے خلاف شاندار کارکردگی کو سراہا ہے۔

یاد رہے کہ اقبال مارکیٹ تھانے کے اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) شیر محمد سانگی نے 29 ستمبر کو ڈان نیوز کو بتایا تھا کہ 25 سالہ نوجوان سجاد شوکت ایم ایم کالونی کے رحمت چوک کے قریب سیکٹر ساڑھے گیارہ میں ایک گھر کے باہر اپنے دو بچوں کے ساتھ کھڑے تھے، جنہیں مبینہ طور پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔

ادھر، سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا تھا کہ جب واقعہ پیش آیا، اُس وقت مقتول ایک شیر خوار بچے کو گود میں اٹھائے ہوئے تھے جبکہ دوسرا بچہ ان کے قریب کھڑا تھا۔