وزیرآباد: معروف صنعت کار اپنے ہی بھتیجے کے ہاتھوں قتل

Published On 20 November,2025 01:38 am

وزیرآباد: (دنیا نیوز) معروف صنعت کار کو اس کے اپنے ہی بھتیجے نے فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا۔

صنعت کار کے قتل کی سی سی ٹی وی ویڈیو دنیا ٹی وی کو موصول ہو گئی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ صنعت کار اپنے دفتر میں بیٹھا ہے، ملزم نے آفس میں داخل ہو کر فائرنگ کر دی جس سے گولیاں صنعت کار کے جسم کے مختلف حصوں پر لگیں۔

واقعے کے بعد زخمی حالت میں صنعت کار کو ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا، مقتول راحت نذر مغل کٹلری کی صنعت سے وابستہ اور ایکسپورٹر تھا، قتل کی وجوہات تا حال سامنے نہیں آئیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم طیب مقتول کا سگا بھتیجا ہے جسے آلہ قتل سمیت گرفتار کر لیا ہے، مقتول راحت نذر 4 بچوں کا باپ تھا جس میں 3 کمسن بیٹیاں اور ایک بیٹا شامل ہے، نعش کو پوسٹمارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔