ممبئی: (روزنامہ دنیا) بھارتی نژاد امریکی سپر ماڈل پدما لکشمی نے مسلمانوں کے حق میں آواز اٹھا دی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق پدما نے اپنے سلسلہ وار ٹویٹس میں کہا کہ بھارت میں مسلمانوں کے خلاف وسیع پیمانے پر بیان بازی ہو رہی ہے اور وہاں لوگ مسلمانوں پر تشدد کر کے خوش ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں کے خلاف ہونے والے تشدد کو دیکھ کر انتہائی افسوس ہوتا ہے، وسیع پیمانے پر مسلم مخالف بیان بازی لوگوں کو خوفزدہ کرتی ہے اور معاشرے میں نفرت کی زہر پھیلاتی ہے۔
امریکی سپر ماڈل نے کہا کہ یہ پروپیگنڈہ خطرناک اور مذموم ہے، پدما لکشمی نے بھارتیوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ بھائیو، خوف و ہراس کے آگے نہ جھکیں، بھارت یا کسی اور جگہ ہندو مذہب کو کوئی خطرہ نہیں، اس قدیم اور وسیع سرزمین پر پرامن طور پر رہنے کا حق مسلمانوں کا بھی ہے۔