ہالی وڈ: (دنیا نیوز) بہترین اداکار کا آسکر ایوارڈ جیتنے والے ہالی وڈ اداکار ول سمتھ کو بیوی کیخلاف مذاق برداشت نہ ہوا اور انہون نے کامیڈین کرس راک کو تھپڑ جڑ دیا۔
ہالی وڈ ایوارڈز تقریب کے دوران ایک ایسا لمحہ بھی آیا جس نے دیکھنے والوں کو پہلے حیران پھر پریشان کر دیا، تقریب کے دوران کامیڈین کرس راک شرکا کو ہنسانے کی کوشش میں کچھ زیادہ ہی کہہ گئے۔ انہوں نے اپنے روایتی انداز میں وِل سمتھ کی بیوی جیڈا پنکٹ سمتھ کے بالوں کے انداز کو تختہ مشق بنایا اور فلم ’جی آئی جین‘ میں ڈیمی مور کے انداز سے موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک سیکوئل کی طرح ہے۔ وِل سمتھ کی اہلیہ جیڈا پنکٹ بھی اداکارہ ہیں تاہم وہ گنجے پن کا شکار ہیں جس پر دونوں میاں بیوی خاصے دکھی ہیں۔
اس پر مستزاد یہ کہ ان کے گنجے پن کو مذاق کا نشانہ بنایا گیا جس پر ول سمتھ آپے سے باہر ہو گئے۔ وہ سٹیج پر آئے اور کرس راک کو تھپڑ دے مارا اور پھر واپس اپنی نشست پر جاکر بیٹھ گئے۔
اس سب پر کامیڈین کرس راک ششدر رہ گئے، اس کے بعد بھی ول سمتھ کا غصہ ٹھنڈا نہ ہوا اور اپنی نشست پر بیٹھے بیٹھے کرس راک کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میری بیوی کو اپنے مذاق سے باہر رکھیں۔