اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) امریکی گلوکارہ برٹنی سپیئرز نے کہا ہے کہ وہ ایک کتاب لکھنے کے عمل میں مصروف ہیں جو ان کی یادداشت پر مشتمل ہو گی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق برٹنی نے حالیہ خبروں کی تصدیق کی ہے جن میں کہا گیا ہے کہ گلوکارہ نئی یادداشت لکھنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔ سپیئرز نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں کہا کہ یادداشتوں پر مبنی ان کی یہ نئی کتاب زندگی کے ان دردناک واقعات کے بارے میں ہو گی جن کا وہ پہلے کبھی کھل کر اظہار نہیں کر سکی تھیں۔
واضح رہے کہ برٹنی سپیئرز کے والد جمی سپیئرز نے 2008 میں ایک عدالتی حکم کے تحت گلوکارہ کے معمولات زندگی کا کنٹرول سنبھال لیا تھا جس کے تحت وہ کچن کی الماری کا رنگ تبدیل کرانے سے لے کر بچے پیدا کرنے تک کے فیصلے خود نہیں کر سکتی تھیں۔ انہیں بالآخر گذشتہ برس 13 سال بعد اس ظالمانہ دور سے نجات ملی تھی۔