اسلام آباد:(مانیٹرنگ ڈیسک )ملک بھر میں 30 ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق پولیو وائرس پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے مختلف اضلاع کے ماحولیاتی نمونوں میں پایا گیا، جن میں پولیو وائرس پایا گیا ان 30 میں سے 28 ماحولیاتی نمونے جنوری 2024 میں حاصل کیے گئے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ بلوچستان کے علاقے کوئٹہ، خضدار، کیچ، نصیر آباد، پشین، چمن جبکہ کراچی کے تمام اضلاع کے ماحولیاتی نمونوں میں بھی پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، جس کے بعد متعلقہ محکموں کو الرٹ جاری کردیا۔
علاوہ ازیں اندرون سندھ کے علاقے حیدرآباد، سکھر، جامشورو ، دوسری جانب خیبر پختونخوا میں پشاور جبکہ پنجاب میں لاہور، راولپنڈی اور ڈیرہ غازی خان کے ماحولیاتی نمونوں میں بھی پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
یاد رہے گزشتہ برس پاکستان بھر کے 126 ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ رواں برس جنوری کے مہینے میں اب تک 28 ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔