لاہور: (دنیا نیوز) الیکشن 2018 سے پہلے پنجاب میں اعلی افسران کے بڑے پیمانے پر تقرر و تبادلوں کا فیصلہ کر لیا گیا، متعدد ڈی ایم جی افسران نے وفاق میں جانے کیلئے وفاقی افسران سے رابطے کرنا شروع کر دیئے، وزیراعلی شہباز شریف نے لاہور میں اہم افسران کو تعینات کرنے کیلئے آج شام اجلاس طلب کر لیا۔
اس حوالے سے سی سی پی او لاہور امین وینس اور سی ٹی او لاہور رائے اعجاز کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ ڈی آئی جی لاہور ڈاکٹر حیدر اشرف کا تبادلہ کرکے وفاق بھجوایا جائے گا۔
دوسری جانب متعدد ڈی ایم جی افسران کے وفاق میں جانے کی کوششوں میں مصروف ہیں اور وفاقی افسران سے رابطے تیز کر دیئے ہیں، سیکرٹری پبلک ہیلتھ خرم آغا،سیکرٹری مواصلات میاں مشتاق وفاق میں تبادلے کیلئے ایڑھی چوٹی کا زور لگا رہے ہیں، عام انتخابات سے قبل تقرری و تبادلوں جیسے اہم معاملے پر غور و حوض کیلئے وزیراعلیٰ نے آج شام اجلاس طلب کر لیا ہے۔