شریف اور مریم نواز کے خلاف توہینِ عدالت کی درخواستیں، نیا بینچ تشکیل

Last Updated On 06 April,2018 04:53 pm

لاہور: (دنیا نیوز) جسٹس شاہد مبین کے بعد جسٹس شاہد جمیل کی بھی نواز شریف اور مریم نواز کے خلاف توہینِ عدالت کی درخواستوں پر سماعت کے لیے قائم فل بینچ کا حصہ بننے سے معذرت کر لی، چیف جسٹس یاور علی نے نیا بنچ تشکیل دے دیا۔

جسٹس شاہد جمیل کی جانب سے نواز شریف اور مریم نواز کے خلاف توہینِ عدالت کی درخواستوں پر سماعت کے لیے قائم فل بینچ کا حصہ بننے سے معذرت کے بعد چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی، جسٹس عاطر محمود اور جسٹس چودھری مسعود جہانگیر پر مشتمل فل بینچ تشکیل دیدیا ہے۔ فل بینچ 9 اپریل سے نواز شریف اور مریم نواز کے خلاف توہینِ عدالت کی درخواستوں کی سماعت کرے گا۔

اس سے قبل جسٹس شاہد بلال حسن کا ملتان بینچ تبادلے کے باعث بینچ تحلیل ہوا تو پھر جسٹس شاہد مبین اور جسٹس شاہد جمیل خان نے ذاتی وجوہات کی بنیاد پر کیس کی سماعت معذرت کر لی تھی۔

اب چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے چوتھی مرتبہ نیا فل بینچ تشکیل دیدیا ہے۔ فل بینچ ایڈووکیٹ اظہر صدیق کی جانب سے نواز شریف اور مریم نواز سمیت دیگر کے خلاف عدلیہ مخالف تقاریر پر کارروائی کے لیے درخواستوں پر سماعت کرے گا۔