نواز شریف کی صدارت میں پارٹی اجلاس، ناراض کارکنوں کو منانے کا فیصلہ

Last Updated On 29 April,2018 09:55 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیرِاعظم میاں نواز شریف کی صدارت میں پارٹی اجلاس، ناراض کارکنوں اور عہدیداروں کو منانے کا فیصلہ، کہتے ہیں کہ کارکن ہی پارٹی کا اصل سرمایہ ہیں، فوری طور پر ان کے تحفظات دور کئے جائیں۔

رائیونڈ لاہور میں مسلم لیگ (ن) کی قیادت کی میٹنگ ہوئی جس میں وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی خصوصی طور پر لاہور آئے اور سیدھے جاتی امراء پہنچ گئے۔

اجلاس کی صدارت کی میاں نواز شریف نے جس میں ملکی سیاسی صورت حال سمیت نیب کیسز کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ میاں نواز شریف سمیت تمام پارٹی رہنما اس نقطہ پر متفق ہوئے کہ عوامی رابطہ مہم تیز کرنے کی ضرورت ہے جبکہ ناراض پارٹی کارکنوں کی بھی فوری طور پر پارٹی کے ساتھ چلانے کے لئے میاں حمزہ شہباز کو ٹاسک سونپ دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق پارٹی کے بڑے اس پر بھی متفق دکھائی دیئے کہ ناراض پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کو فوری طور پر پارٹی کو فعال کرنے کا ٹاسک دے کر ان کے تحفظات بھی دور کئے جائیں۔

ناراض کارکنوں کو منانے کی ذمہ داری میاں حمزہ شہباز، راجہ اشفاق سرور، ملک ندیم کامران، خلیل طاہر سندھو، رانا ثناء اللہ، سابق وزیر احمد علی اولکھ سمیت دیگر وزراء کو بھی دے دی گئی ہے۔