مردان: (دنیا نیوز) دن رات دھرنا اور کام نہ کرنا، شہبازشریف کا عمران خان پر طنز، مالم جبہ میں زمینیں دوستوں کو بانٹنے کا الزام، دوہزار اٹھارہ میں زرداری اور کپتان کو نودو گیارہ کریں گے، وزیراعلی پنجاب کی مردان میں للکار، سینیٹ الیکشن کا بھی ذکر کیا۔
مردان میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے شاندار استقبال پر کارکنوں کا شکریہ ادا کیا اور پشتومیں خطاب کا آغاز کیا۔ انہوں نے کہا کہ بطور صدر پہلی مرتبہ مردان آیا ہوں۔ پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نیا پاکستان بنانے والوں نے پشاور کو برباد کر دیا ہے۔ نیازی خان کہتے تھے جنگلا بس نہیں بناؤں گا۔ اللہ نے موقع دیا تو پشاور میٹرو کو پانچ ماہ میں مکمل کردیں گے۔ نیازی خان دن رات جھوٹے بولتے ہیں اور نیازی خان کودھرنا دینے کا شوق ہے۔ نیازی کا کام دن رات دھرنا اورکام نہ کرنا ہے۔
پشاورمیں ایک نیا ٹیچنگ ہسپتال نہیں بنا، اسما بیٹی کا ٹیسٹ لاہورکی لیبارٹری سے ہوا۔ ہسپتالوں میں مفت علاج سب کا حق ہے، نیازی خان نے ایک ارب درخت لگانے کا کہا تھا۔ نیازی نے بلین درخت لگانے کے بجائے جھوٹ کے عالمی ریکارڈ بنائے۔ مالم جبا میں دوستوں کو زمینیں بانٹیں گئی۔ خان صاحب نے پورے پاکستان کوبجلی دینے کا وعدہ کیا لیکن منفی چھ میگاواٹ بجلی دی۔ اللہ نے موقع دیا توخیبرپختونخوا میں ہزاروں میگاواٹ بجلی پیدا کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم پاکستان کوقائداعظم کا پاکستان بنائیں گے۔ 2013 میں بجلی جاتی تھی واپس نہیں آتی تھی، نوازشریف سی پیک لیکرآئے۔ دھرنے کیوجہ سے چینی صدرکا دورہ ملتوی ہوا، پاکستان کے نقصان سے بھارت کوفائدہ ہوتا ہے۔
انہوں نے تقریر کے دوران عمران خان پر تنقید کا سلسلہ جاری رکھا ور کہا کہ کرپشن کیخلاف جہاد کروں گا، اصول والا شخص سینیٹ الیکشن میں وصول والا بن گیا۔ سینیٹ الیکشن میں اصول ہارگیا۔ نیازی صاحب شوق سے لاہورآئیں، خیبرپختونخوا کو کھا کر لاہور آتے ہو۔ لاہور کے عوام نہیں ہمارے کام تمہارا استقبال کریں گے۔ نیازی خان کام کرنے کے بجائے نتھیا گلی میں آرام کرتا رہا، خان تمہیں واپس بنی گالا اورمسلم لیگ(ن) کو آنا ہوگا۔ زرداری، نیازی اپنے آپ کو گیارہ کہتے ہیں۔ ووٹ سے عوام نیازی، زرداری کو نو دو گیارہ کر دیں گے۔
پنجاب میں پچھلے پانچ سالوں میں17 ارب روپے یتیم بچیوں کو وظیفے دیئے۔ پنجاب ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈز جیسا پروگرام خیبرپختونخوا میں نہیں، اللہ نے موقع دیا تو2018 کے الیکشن کے بعد خیبرپختونخوا ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈز بنائیں گے۔ خیبرپختونخوا کے ہرڈویژن میں یونیورسٹی، ٹیچنگ ہسپتال بنائیں گے۔ پنجاب میں غریبوں کے لیے دانش سکول بنائے گئے۔ تحریک انصاف کے علاوہ اگر کوئی بھی حکومت ہوئی تو خیبرپختونخوا میں تعاون کریں گے۔ پنجاب کے کسانوں کو آدھی قیمت پر کھاد دے رہے ہیں۔ جو ترقیاتی کام پنجاب وہی خیبرپختونخوا میں کرائیں گے۔