لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریکِ انصاف کے سینئر رہنما عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ انتخابات کے ساتھ ہی شریفوں کے کوچ کا نقارہ بج گیا۔ عوامی مینڈیٹ چرانے کی طویل تاریخ رکھنے والے شریف خاندان کو دھونس اور دھاندلی سے روکنا نگران سیٹ اپ اور الیکشن کمیشن سب کیلئے ایک چیلنج ہو گا۔
تحریکِ انصاف میں مختلف دیگر جماعتوں سے سابق اراکین اسمبلی کی شمولیت کا سلسلہ جاری ہے۔ لاہور سے سابق رکن پنجاب اسمبلی عبدالستار اور چیئرمین بیت المال رانا ریاض سمیت مختلف رہنماؤں نے پی ٹی آئی سینٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان سے ملاقات کی اور اپنے تمام ساتھیوں سمیت عمران خان کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ امید ہے کہ نگران سیٹ اپ کرپٹ خاندان کی پنجاب اور وفاق میں مداخلت کو کنٹرول کر کے صاف اور شفاف انداز میں عام انتخابات کا انعقاد ممکن بنائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ انتخابات کے ساتھ ہی شریفوں کے کوچ کا نقارہ بج گیا۔ عوامی مینڈیٹ چرانے کی طویل تاریخ رکھنے والے شریف خاندان کو دھونس اور دھاندلی سے روکنا نگران سیٹ اپ اور الیکشن کمیشن سب کیلئے ایک چیلنج ہو گا۔
انہوں نے نگران وزیر اعظم جسٹس (ر) ناصر الملک کی تقرری کا خیر مقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی اور کہا کہ ملک پرامن انداز میں انتخابی عمل سے گزرتے ہوئے آئندہ مدت کیلئے قیادت منتخب کرے گا۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ کٹھ پتلی وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی نے الفاظ اور اعدادوشمار کے گورکھ دھندے میں الجھا کر قوم کو ایک بار پھر بیوقوف بنانے کی کوشش کی۔