تینوں ریفرنسز کا ایک ساتھ فیصلہ کرنے کی نوازشریف کی درخواست غیر موثر قرار

Last Updated On 22 June,2018 07:23 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے نواز شریف کی درخواست پر فیصلہ سنا دیا، لندن فلیٹس ریفرنس کا فیصلہ جلد آنے کی راہ ہموار ہو گئی۔

سابق وزیراعظم کی جانب سے احتساب عدالت میں زیرسماعت تینوں ریفرنسز میں حتمی دلائل ایک ساتھ دینے کی اپیل دائر کی گئی تھی جس پر دو رکنی بینچ نے گزشتہ روز محفوظ کیا گیا فیصلہ آج سنادیا۔ عدالت نے فیصلے میں کہا کہ نواز شریف کے وکیل ایون فیلڈ ریفرنس میں حتمی دلائل کا آغاز کر چکے ہیں اس لیے درخواست گزار کی اپیل غیر مؤثر ہوچکی ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے  درخواست غیر موثر قرار دیتے ہوئے احتساب عدالت کو اپنی معمول کی کارروائی جاری رکھنے کی بھی ہدایت کردی ہے۔

یاد رہے کہ نواز شریف نے ایون فیلڈ ریفرنس میں حتمی دلائل موخر کرنے کی استدعا کی تھی۔ اس موقع پر نواز شریف کے وکیل کا کہنا تھا کہ احتساب عدالت قرار دے چکی تھی کہ تینوں ریفرنسز کا فیصلہ ایک ساتھ ہو گا، اب احتساب عدالت ایون فیلڈ ریفرنس کو پہلے مکمل کرنے کی کوشش کررہی ہے۔

دوسری جانب نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ دفاع میں گواہ نہ لانے پر ایوون فیلڈ ریفرنس کی کارروائی مکمل ہونی چاہیے۔ واضح رہے کہ تینوں ریفرنسز میں سے ایک میں مریم نواز ملزم ہیں جبکہ نواز شریف کے دونوں بیٹے تینوں ریفرنسز میں ملزمان ہیں جو کہ سماعت کے آغاز سے ہی عدالت میں پیش نہیں ہوئے، احتساب عدالت انہیں مفرور قرار دے چکی ہے۔