اسلام آباد: (دنیا نیوز) نوازشریف کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدربھی مالامال،4 کروڑ 14 لاکھ کے اثاثوں کے مالک، 3100 کنال زرعی اراضی کے بھی مالک نکلے۔ لاہور میں زیر تعمیر فلورملز میں 34 لاکھ روپے کی سرمایہ کاری بھی کر رکھی ہے۔ بیٹے کے نام پر بھی دوجائیدادیں ہیں جبکہ سابق سپیکر ایاز صادق بھی کروڑ پتی نکلے، اہلیہ کے پاس چالیس تولے زیورات کی قیمت صرف 80 ہزار بتائی۔ دنیا نیوز نے تفصیلات حاصل کرلیں
کیپٹن ریٹائرڈ صفدر چار کروڑ 14 لاکھ روپے کے اثاثوں کے مالک ہیں جبکہ اکتیس سو کنال زرعی زمین بھی ان کی ملکیت ہے۔ کیپٹن صفدر کے پاس ایک سال میں 17 لاکھ 28 ہزار کا زرمبادلہ بھی آیا ہے۔سابق وزیراعظم کے داماد کے بیٹا جنید صفدر بھی پراپرٹیز کے مالک ہیں۔ مانسہرہ میں ان کے نام پر 16 کنال کی دو پراپرٹیز ہیں۔
سابق اسپیکر ایاز صادق بھی کروڑ پتی ہیں، اثاثوں کی کل مالیت 4 کروڑ 48 لاکھ بتائی ہے۔ ان کے نام تین کروڑ 67 لاکھ کے تین گھر ہیں، سابق اسپیکر نے قومی اسمبلی کی تنخواہ اور جائیداد کے کرایہ کو ذرائع آمدن ظاہر کیا اور2014 سے 2017 تک آمدن 64 لاکھ بتائی، ایاز صادق کی اہلیہ بھی کروڑوں کی مالک ہیں، بیوی کے نام 2 کروڑ 68 لاکھ کے دو گھر اور جڑانوالہ میں 47 ایکڑ سے زائد وراثتی جائیداد کی مالک ہیں۔ان کے پاس 40 تولے زیورات ہیں لیکن قیمت صرف 80 ہزار بتائی گئی۔