اسلام آباد: (دنیا نیوز) زرداری کی جانب سے حکومت کے خلاف قرارداد منظور کرنے کی تجویز کے معاملے پر پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے درمیاں جلد باضابطہ رابطے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق، اپوزیشن کی جانب سے حکومت کیخلاف اے پی سی بلانے کی بھی تجویز دی گئی، اے پی سی کی تجویز مولانا فضل الرحمان کی جانب سے آصف زرداری کو دی گئی، اپوزیشن جماعتوں میں حکومتی کارکردگی پر سخت تشویش ہے۔
ذرائع کے مطابق، اپوزیشن جماعتیں آصف زرداری کی قرارداد منظور کرنے کی تجویز پر غورکریں گی، مسلم لیگ ن نے بھی زرداری کی تجویز کو قابل عمل قرار دے کر سراہا ہے۔ نیئر بخاری کا کہنا ہے آصف زرداری کی تجویز پر آنے والے دنوں میں اپوزیشن کی پیش رفت ہوسکتی ہے۔
یاد رہے گزشتہ روز سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما آصف علی زرداری کا پریس کا نفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ تمام سیاسی قوتوں کو مل کر قرار داد لانی ہوگی کہ تحریک انصاف ملک چلاسکتی ہے نہ حکومت، فیصلہ کرنا ہوگا کہ ہم کس سمت میں جارہے ہیں، عمران خان سلیکٹڈ وزیر اعظم ہیں۔
سابق صدر آصف زرداری نے کہا کہ موجودہ حکومت کی نااہلی انتہائی کم وقت میں سامنے آگئی، ہم چیئرمین نیب کو نہیں ان کے طور طریقوں اور سوچ کو برا بھلا کہہ رہے ہیں۔