کراچی: (دنیا نیوز) کے الیکٹرک کی ہائی ٹینشن لائن ایک بار پھر ٹرپ ہو گئی، گزشتہ دو ماہ کے دوران شہر میں پانچویں بار بجلی کا بریک ڈاون ہوا، 80 فیصد سے زائد شہر میں بجلی بند ہے جس سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔
کے الیکٹرک اہل کراچی کے لئے پریشانی کا باعث بن گیا، بجلی کی اچانک بندش سے خاتون خانہ پریشان ہیں جبکہ تمام کام دھرے کے دھرے رہ گئے۔ ایک طرف سکول جانے والے بچوں کے یونیفارم استری نہ ہوئے تو دوسری جانب دفاتر جانے والے بابو بھی پریشان رہے۔
متاثرہ علاقوں میں گلستان جوہر، گلشن اقبال، ناظم آباد، لیاقت آباد، بہادرآباد شامل ہے۔ پی ای سی ایچ ایس، محمود آباد، صدر اور اطراف کے علاقوں میں بجلی غائب ہے۔ سپر ہائی وے، سہراب گوٹھ، گلشن معمار، گڈاپ، انچولی اور ملحقہ علاقے بھی بجلی کی فراہمی سے متاثر ہوئے۔
ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے نیشنل گرڈ سے بھی بجلی کی سپلائی منقطع ہے، گزشتہ دو ماہ کے دوران شہر میں پانچویں بار بجلی کا بریک ڈاون ہوچکا ہے۔