نجی ریسٹورنٹ کا زہریلا کھانا کھانے سے جاں بحق بچوں کی تدفین

Last Updated On 12 November,2018 08:20 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقہ زمزمہ میں مبینہ طور پر ریسٹورنٹ سے زہریلا کھانا کھانے سے جاں بحق ہونے والے دونوں بچوں کی نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد مقامی قبرستان میں تدفین کر دی گئی، والدہ کو آخری دیدار کرانے کیلئے میتوں کو ہسپتال بھی لے جایا گیا۔

ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب ڈیفنس کے رہائشی خاندان پر قیامت ٹوٹ پڑی، ہنستے کھیلتے گھر میں کہرام مچ گیا۔ والدہ کے ساتھ کلفٹن زمزمہ کے ریسٹورنٹ جانے والے دو معصوم مبینہ طور پر زہریلا کھانا کھانے سے چل بسے، ان کی والدہ ہسپتال میں زیر علاج ہے۔

اہلخانہ نے چھیپا سرد خانے سے محمد اور احمد کی میتیں وصول کیں جس کے بعد انہیں کلفٹن میں نجی ہسپتال لے جایا گیا جہاں ماں نے جگر کے ٹکڑوں
کا آخری دیدار کیا۔ ڈیفنس کی عائشہ مسجد میں کمسن بھائیوں کی نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں سیاسی رہنما بھی شریک ہوئے۔ نماز جنازہ کے بعد میتوں کی مقامی قبرستان میں تدفین کر دی گئی۔