حکومت اور اپوزیشن مذاکرات جاری رکھنے پر متفق، منگل کو دوبارہ ملاقات ہوگی

Last Updated On 04 November,2019 11:36 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پرویز خٹک کی قیادت میں حکومتی وفد کی رہبر کمیٹی سے ملاقات ہوئی جس میں جمیعت علمائے اسلام کے دھرنے کے بارے میں بات چیت کی گئی۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں حکومتی کمیٹی کے سربراہ پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں ہم کامیاب ہوئے، رہبر کمیٹی کے مطالبات سنے ہیں، منگل کو دوپہر تین بجے دوبارہ ملاقات ہوگی، امید ہے اچھے نتائج نکلیں گے۔ رہبر کمیٹی کا معاہدے کی پاسداری پر شکر گزار ہوں۔

اس موقع پر اپوزیشن کمیٹی کے سربراہ اکرم درانی کا کہنا تھا کہ پرویز خٹک کو رہبر کمیٹی کی طرف سے خوش آمدید کہتا ہوں۔ آج ہم نے اپنے پرانے مطالبات ان کے سامنے رکھے ہیں۔ حکومتی کمیٹی سے کل دوپہر میرے گھر پر دوبارہ ملاقات ہوگی۔

میڈیا سے گفتگو میں اکرم درانی نے کہا کہ آزادی مارچ زوروشورسے جاری ہے۔ اس کی وجہ سے کہیں گملا بھی نہیں ٹوٹا۔ اپوزیشن پوری طرح متحد ہے۔ ہم حکومت کو اپنی طاقت دکھا رہے ہیں۔ جب کوئی نئی بات ہوگی تو اپوزیشن سے مشاورت کریں گے۔

 

انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے پرانے مطالبات پرویز خٹک کے سامنے رکھے۔ مطالبات میں نئے الیکشن اور الیکشن میں فوج کا کردار نہیں ہونا چاہیے جبکہ وزیراعظم کا استعفیٰ بھی شامل ہے۔