وفاقی وزیر فیصل واوڈا کیخلاف الیکشن کمیشن میں ایک اور درخواست دائر

Last Updated On 27 January,2020 11:46 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر برائے آبی وسائل اور پی ٹی آئی رہنما فیصل واوڈا کیخلاف الیکشن کمیشن آف پاکستان میں ایک اور درخواست دائر کر دی گئی ہے۔

تفصیل کے مطابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا کے لئے نئی مشکل کھڑی ہو گئی ہے کیونکہ 2018ء کے عام انتخابات میں کراچی کے حلقے این اے 249 سے بطور آزاد امیدوار مقابلہ کرنے والے جاوید راں ایڈووکیٹ نے ان کیخلاف الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کر دی ہے۔

درخواستگزار نے اپنی درخواست موقف اپنایا ہے کہ فیصل واوڈا امریکی شہری ہیں۔ انہوں نے گوشواروں میں بھی غلط بیانی کی۔ ان کی دہری شہریت ہے اس لئے نااہل قرار دیا جائے۔ درخواستگزار نے مزید کہا کہ عام انتخابات میں ریٹرننگ افسر نے ہماری درخواست کو نظر انداز کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: فیصل واوڈا کی نااہلی کی درخواست، الیکشن کمیشن میں سماعت 3 فروری کو ہوگی

خیال رہے کہ وفاقی وزیر فیصل واوڈا کی نااہلی کے لیے گزشتہ دنوں بھی الیکشن کمیشن میں ایک درخواست دائر کی گئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ فیصل واوڈا نے کاغذات نامزدگی میں جعلی حلف نامہ جمع کروایا۔

امن ترقی کے چیئرمین فائق شاہ نے درخواست میں موقف اپنایا کہ فیصل واوڈا کو جعلی حلف نامہ جمع کروانے پر نااہل کیا جائے کیونکہ ایم این اے صادق اور امین نہیں رہے۔ سپریم کورٹ دوہری شہریت رکھنے پر 2 سینٹرز کو نا اہل قراردے چکی ہے۔

الیکشن کمیشن میں فیصل واؤڈا کی نااہلی کیلئے دائر درخواست کی سماعت 3 فروری کو ہوگی۔ الیکشن کمیشن نے فریقین کو نوٹس جاری کر دیا ہے۔