خیبرپختونخوا: گلیات میں کورونا وبا کے دوران سیاحتی شعبے کو 6 ارب سے زائد کا نقصان

Published On 26 August,2020 03:27 pm

پشاور: (دنیا نیوز) دنیا بھر میں اپنی خوبصورتی اور قدرتی نظاروں کیلئے مشہور خیبر پختونخوا کے سیاحتی مقامات کو کھول دیا گیا تاہم گزشتہ چار ماہ میں کورونا وائرس کے باعث اس شعبے کو اربوں روپے کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔

خیبرپختونخوا کے سیاحتی مقام گلیات میں ایک اندازے کے مطابق کورونا وبا کے دوران صرف چارماہ میں 6 ارب 35 کروڑ سے زائد کا نقصان ہوا، گزشتہ چارماہ کے دوران سیاحتی مقام پر ٹرانسپورٹ کے شعبے میں 15 کروڑ 28 لاکھ روپے کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا، شہری کہتے ہیں پاکستان میں سیاحتی مقامات کو فروغ دینے کے لیے خصوصی توجہ کی ضرورت ہے۔

معاون خصوصی اطلاعات وبلدیات کامران بنگش کا کہنا ہے کہ متعلقہ اداروں کے نقصان کے ازالے کے لیے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، ٹور آپریٹرز، ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کی رجسٹریشن فیس ایک سال کے لیے ختم کردی گئی ہے۔

گلیات میں ہوٹل انڈسٹری اوراس سے منسلک روزگار میں 6ارب 15 کروڑ اور دیگر چھوٹے کاروبارکو 20 کروڑ 30لاکھ روپے نقصان کا سامنا ہے۔