کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے منظور کالونی میں نالے کے اطراف قائم تجاوزات کے خلاف ممکنہ آپریشن پر علاقہ مکینوں نے احتجاج کیا، کہتے ہیں آپریشن کے نام پر مخصوص گھروں کو مسمار کیا جا رہا ہے، طویل عرصے سے مقیم شہریوں کے ساتھ زیادتی ہے۔
کراچی کے علاقے منظور کالونی میں علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے فائر برگیڈ آفس روڈ پر شدید احتجاج کیا جن میں خواتین، بچوں اور بزرگوں کی اکثریت شامل تھی۔
مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے، شہریوں کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز انسداد تجاوزات کے عملے نے درجنوں ایسے گھروں پر نشانات لگائے، نالے کے قریب قائم ہے لیکن تجاوزات میں نہیں آتے۔ ہم یہاں کئی سالوں سے مقیم ہیں، تجاوزات کے نام پر بے گھر نہ کیا جائے۔