کورونا کے بڑھتے خطرات، صوبہ سندھ میں بین الصوبائی ٹرانسپورٹ بند کرنے کا فیصلہ

Published On 02 April,2021 10:30 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ حکومت نے ملک بھر میں عالمی وبا کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر بین الصوبائی ٹرانسپورٹ بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت کی جانب سے اس اہم فیصلے کا اطلاق دو دن کے بعد ہوگا۔ محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبے میں انٹر سٹی اور بین الصوبائی ٹرانسپورٹ پر پابندی ہوگی۔

محکمہ داخلہ سندھ نے اس اہم فیصلے سے نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے حکام اور سربراہ اسد عمر کو آگاہ کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ صوبہ سندھ میں ٹاسک فورس کے اجلاس کے بعد کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا صورتحال: سندھ میں تعلیمی اداروں بارے حتمی فیصلہ ہفتہ کے روز ہوگا

دوسری جانب کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے سندھ میں تعلیمی اداروں کے مستقبل کا حتمی فیصلہ ہفتہ کے روز وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کی صدارت میں محکمہ تعلیم کی سٹئیرنگ کمیٹی کے اجلاس میں ہوگا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس ہفتے کی صبح گیارہ بجے سندھ اسمبلی میں ہوگا۔ اجلاس میں موجودہ کورونا وائرس کے حوالے سے صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔

اجلاس میں صوبہ سندھ کی کورونا ٹاسک فورس میں ہونے والے فیصلے اور دیگر تجاویز پر تمام سٹیک ہولڈر سے مشاورت کی جائے گی۔

سٹئیرنگ کمیٹی کے ارکان کی مشاورت سے رمضان کے دوران تعلیمی اداروں کے اوقات کار سمیت دیگر امور کا بھی اجلاس میں جائزہ لیا جائے گا۔
 

Advertisement