قومی اسمبلی میں ہنگامہ آرائی نے بجٹ کی مجموعی شکل کو دھندلا کر دیا، سراج الحق

Published On 17 June,2021 09:17 pm

لاہور: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی میں ہونے والی ہنگامہ آرائی نے بجٹ کی مجموعی شکل کو دھندلا کر دیا۔ حکومت اور اپوزیشن کا رویہ انتہائی قابل افسوس ہے۔

سراج الحق نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ظالم حکمران جونکوں کی طرح غریبوں کا خون چوس رہے ہیں۔ مہنگائی، بے روزگاری، غربت اور بے جا ٹیکسز بڑے مسائل ہیں۔ پی ٹی آئی، ن لیگ اور پی پی عوامی مسائل کے حل میں ناکام رہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ارب پتی طبقہ دھونس اور دولت کے بل پر الیکشن جیت کر میرٹ کی دھجیاں اڑاتا ہے۔ جماعت کے دروازے نوجوانوں کیلئے کھلے ہیں۔ جماعت اسلامی کا نظریہ تیزی سے نوجوانوں میں مقبولیت پا رہا ہے۔ عوام صالح اور دیانتدار لوگوں کو آگے لائیں تاکہ ان کے مسائل حل ہو سکیں۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم نے ایک بھی وعدہ پورا کیا ہے تو سامنے لائیں، سراج الحق

خیال رہے کہ گزشتہ روز ایک بیان میں انہوں نے کہا تھا کہ بے روزگاری کا طوفان بے قابو اور مہنگائی نے لوگوں کو بدحال کردیا، وزیراعظم عمران خان نے عوام سے کیا ایک بھی وعدہ پورا کیا ہے تو سامنے لائیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ پارلیمنٹ قوم کی حقیقی ترجمانی کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔ نمائندوں کو عوام کا احساس ہو تو اسمبلیاں میدان جنگ میں تبدیل نہ ہوں۔ سیاست سے اخلاقیات کب کی روانہ ہو چکی۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت نے تین سالوں میں عوام کو مصیبت اور پریشانی کے علاوہ کچھ نہیں دیا۔ بجٹ کے دو دن بعد عوام پر پٹرول بم گرا دیا گیا ہے۔ پی ٹی آئی کے ووٹرز اور سپورٹرز کی اکثریت یہ کہنے پر مجبور ہے کہ الیکشن میں ان سے غلطی ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی ہی حقیقی معنوں میں ملک میں پائیدار اسلامی جمہوری نظام لے کر آئے گی۔ ہم اقتدار میں آکر انصاف لوگوں کی دہلیز پر پہنچائیں گے۔

 

Advertisement