وزیراعظم نے ایک بھی وعدہ پورا کیا ہے تو سامنے لائیں، سراج الحق

Published On 16 June,2021 10:11 pm

لاہور: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ بے روزگاری کا طوفان بے قابو اور مہنگائی نے لوگوں کو بدحال کردیا، وزیراعظم عمران خان نے عوام سے کیا ایک بھی وعدہ پورا کیا ہے تو سامنے لائیں۔

سراج الحق کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پارلیمنٹ قوم کی حقیقی ترجمانی کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔ نمائندوں کو عوام کا احساس ہو تو اسمبلیاں میدان جنگ میں تبدیل نہ ہوں۔ سیاست سے اخلاقیات کب کی روانہ ہو چکی۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت نے تین سالوں میں عوام کو مصیبت اور پریشانی کے علاوہ کچھ نہیں دیا۔ بجٹ کے دو دن بعد عوام پر پٹرول بم گرا دیا گیا ہے۔ پی ٹی آئی کے ووٹرز اور سپورٹرز کی اکثریت یہ کہنے پر مجبور ہے کہ الیکشن میں ان سے غلطی ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی ہی حقیقی معنوں میں ملک میں پائیدار اسلامی جمہوری نظام لے کر آئے گی۔ ہم اقتدار میں آکر انصاف لوگوں کی دہلیز پر پہنچائیں گے۔
 

Advertisement