جن کی جائیدادیں باہر ہوں وہ کیسے ملکی نظریے کی حفاظت کریں گے؟ فواد چودھری

Published On 09 July,2021 08:24 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چودھری نے بلاول بھٹو اور مریم نواز کی تقریروں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ جن کی جائیدادیں باہر ہوں وہ کیسے ملکی نظریے کی حفاظت کریں گے؟

فواد چودھری کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مریم نواز اور بلاول بھٹو سیاسی طور پر طفل مکتب ہیں، دونوں کو کشمیر کی تاریخ اور کشمیریوں کی جدوجہد کا کچھ پتا نہیں، دونوں کے والدین ملکی لوٹ مار کے مقدمات میں ملوث اور مفرور ہیں، دونوں ہی اپنے والدین کی جگہ لینے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مریم اور بلاول کی سیاست کا نظریہ ہے نہ کوئی مقصد، دونوں کی تقریروں سے پتا نہیں چل رہا وہ کہنا کیا چاہتے ہیں؟

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ 30، 30 سال حکومت کرنے والوں کو پتا ہی نہیں ان کی پالیسی کیا ہے؟ یہ اپنے دور میں کلبھوشن کا نام لیتے ڈرتے تھے لیکن دوسری جانب عمران خان کشمیر کے سفیر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو مضبوط جواب اس لئے دیا جا رہا ہے کہ حکومت عمران خان کی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کشمیر کے مسئلہ پر عالمی خاموشی توڑی۔ انہوں نے ہی او آئی سی اور سلامتی کونسل میں کشمیر پر آواز بلند کی۔
 

 

Advertisement