اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت معاشی استحکام کے لئے برآمد کنندگان کی حوصلہ افزائی پر توجہ دے رہی ہے۔
تفصیل کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے نیشنل ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ بورڈ کے اجلاس کی صدارت کی تاکہ بین الاقوامی مارکیٹ میں زیادہ مارکیٹ شیئر حاصل کرنے کے لئے چاول کے برآمد کنندگان کی حوصلہ افزائی کی جائے۔
اجلاس میں وزیر خزانہ شوکت فیاض ترین ، وزیر صنعت و پیداوار مخدوم خسرو بختیار ، وزیربحری امور سید علی حیدر زیدی ، وزیراعظم کے مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد ، وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل ، بڑے چاول برآمدکنندگان اور متعلقہ سینئر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ چاول کے شعبے کی برآمدات میں بہتری کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ یہ زمین کی لیزر لیولنگ اور چاول کی کاشت اور کٹائی کے میکانی طریقوں کو اپناتے ہوۓ فی ایکڑفصل کی پیداواربڑھا کراپنے برآمدی ہدف کو موجودہ 2 بلین امریکی ڈالر سے بڑھا کر 5 بلین ڈالر تک لے جا سکتا ہے۔
وزیراعظم نے ہدایات دیں کہ آرگینک اور براؤن رائس کی پیداوار پر خصوصی توجہ دی جائے اور لوگوں کو ان کے استعمال کی ترغیب دی جاۓ تاکہ ملک میں شوگر کے مرض کے بڑھتے ہوۓ رجحان پر قابو پایا جا سکے۔وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ چاول کی برآمدات کو بڑھانے کے لئے طویل المدتی فنانسنگ (ایل ٹی ایف) اور ایکسپورٹ ری فنانسنگ سکیم پر موثر عملدرآمد کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کریں۔