لاہور: (دنیا نیوز) شہباز شریف نے کہا ہے کہ پٹرول بم پھینکنے سے بہتر تھا عمران نیازی استعفی دے دیتے۔
قائد حزب اختلاف و صدر پاکستان مسلم لیگ نون شہباز شیرف نے پٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کو عوام کی سال نو پر خوشی بھی برداشت نہیں ہوئی، معاشی تباہی سے بچانے کیلئے ظالم حکومت سے نجات پانا ہوگی۔
دوسری جانب چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپنے بیان میں کہا کہ عمران خان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر کے عوام کو نئے سال کا تحفہ دیا، عمران خان نے بڑے دعوے سے کہا تھا 2021 خوشحالی کا سال ہوگا، وفاقی حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو عالمی منڈی کے مطابق کم کرے، مہنگائی سے نجات کا واحد حل عمران خان کی حکومت کا خاتمہ ہے۔
ادھر ترجمان مسلم لیگ نون مریم اورنگزیب کا کا کہنا تھا کہ 2022 عوام کیلئے خوشحالی اور اچھے دنوں کا سال ہوگا، نیا سال تباہی سرکار سے نجات کا سال ہوگا، 2022 ووٹ چوروں سے نجات اور قانون کی بالادستی کا سال ہوگا۔