اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مکمل ریلیف دینے کی بجائے سیلز ٹیکس میں اضافہ کر دیا۔
وفاقی حکومت کی طرف سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 5 روپے فی لٹر کمی کی گئی ہے۔ نئی قیمت 140 روپے 82 پیسے فی لٹر مقرر کی گئی ہے۔ مٹی کے تیل کی قیمت میں 7 روپے فی لٹر کمی کی گئی ہے اور نئی قیمت 109 روپے53 پیسے فی لٹر ہو گئی۔ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 7 روپے ایک پیسہ فی لیٹر کمی کی گئی ہے اور نئی قیمت 107 روپے 6 پیسے فی لیٹر ہوگی۔ ہائی سپیڈ ڈیزل بھی 5 روپے فی لٹر سستا کیا گیا ہے۔ ہائی سپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 137 روپے 62 پیسے فی لٹر ہو گئی۔
ذرائع کے مطابق شہری پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مکمل ریلیف سے محروم رہ گئے، حکومت نے پٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس میں اضافہ کردیا، حکومت نے او ایم سی اور ڈیلرز مارجن میں اضافے کا اطلاق بھی کردیا، سیلز ٹیکس، مارجن میں اضافے سے شہری قیمتوں میں مکمل ریلیف سے محروم رہے، پٹرول کے فی لٹر پر سیلز ٹیکس میں 4 روپے 7 پیسے کا اضافہ کردیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت نے پٹرول کی قیمت میں 5 روپے فی لٹر کمی کا اعلان کر دیا
ذرائع کے مطابق پٹرول پر سیلز ٹیکس 2 روپے 34 پیسے سے بڑھا کر 6 روپے 41 پیسے فی لٹر مقرر کیا گیا، ہائی سپیڈ ڈیزل پر سیلز ٹیکس 7.37 سے بڑھا کر 9.08 فیصد کر دیا گیا، پٹرول پر ڈیلرز مارجن میں99 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کردیا گیا، پٹرول پر ڈیلرز مارجن 3 روپے 91 پیسے سے بڑھا کر 4 روپے 90 پیسے فی لٹر کردیا گیا۔
ذرائع کے مطابق پٹرول پر او ایم سی مارجن میں 71 پیسے فی لٹر کا اضافہ کیا گیا، پٹرول پر او ایم سی مارجن 2 روپے 97 پیسے سے بڑھا کر 3 روپے 68 پیسے فی لٹر کر دیا گیا، ہائی سپیڈ ڈیزل پر ڈیلرز مارجن میں 83 پیسے فی لٹر کا اضافہ کیا گیا، ہائی سپیڈ ڈیزل کے فی لٹر پر او ایم سی مارجن میں 71 پیسے کا اضافہ کیا گیا، پٹرولیم مصنوعات پر لیوی میں کوئی ردوبدل نہیں کیا گیا، سیلز ٹیکس، مارجن میں اضافے کا اطلاق 16 دسمبر سے ہوگا۔