حکومت نے پٹرول کی قیمت میں 5 روپے فی لٹر کمی کا اعلان کر دیا

Published On 15 December,2021 07:46 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت نے پٹرول، ڈیزل کی قیمتوں میں 5 روپے کمی کا اعلان کر دیاگیا۔

وفاقی حکومت کی طرف سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 5 روپے فی لٹر کمی کی گئی ہے۔ نئی قیمت 140 روپے 82 پیسے فی لٹر مقرر کی گئی ہے۔

 جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت میں 7 روپے فی لٹر کمی کی گئی ہے اور نئی قیمت 109 روپے53 پیسے فی لٹر ہو گی۔

لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 7 روپے ایک پیسہ فی لیٹر کمی کی گئی ہے اور نئی قیمت 107 روپے 6 پیسے فی لیٹر ہوگی۔ ہائی سپیڈ ڈیزل بھی 5 روپے فی لٹر سستا کیا گیا ہے۔ ہائی سپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 137 روپے 62 پیسے فی لٹر ہو گئی۔

ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے آئندہ 15 روز کیلئے ہو گا۔

ذرائع کے مطابق حکومت نے سیلز ٹیکس، ڈیلرز مارجن اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کا منافع بڑھا دیا جس کے باعث عوام کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میٕں کمی کا پورا فائدہ نہیں مل سکا۔

ذرائع کے مطابق شہری پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مکمل ریلیف سے محروم رہ گئے، حکومت نے پٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس میں اضافہ کردیا، حکومت نے او ایم سی اور ڈیلرز مارجن میں اضافے کا اطلاق بھی کردیا، سیلز ٹیکس، مارجن میں اضافے سے شہری قیمتوں میں مکمل ریلیف سے محروم رہے، پٹرول کے فی لٹر پر سیلز ٹیکس میں 4 روپے 7 پیسے کا اضافہ کردیا گیا۔

 ذرائع کے مطابق پٹرول پر سیلز ٹیکس 2 روپے 34 پیسے سے بڑھا کر 6 روپے 41 پیسے فی لٹر مقرر کیا گیا، ہائی سپیڈ ڈیزل پر سیلز ٹیکس 7.37 سے بڑھا کر 9.08 فیصد کر دیا گیا، پٹرول پر ڈیلرز مارجن میں99 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کردیا گیا، پٹرول پر ڈیلرز مارجن 3 روپے 91 پیسے سے بڑھا کر 4 روپے 90 پیسے فی لٹر کردیا گیا۔

ذرائع کے مطابق پٹرول پر او ایم سی مارجن میں 71 پیسے فی لٹر کا اضافہ کیا گیا، پٹرول پر او ایم سی مارجن 2 روپے 97 پیسے سے بڑھا کر 3 روپے 68 پیسے فی لٹر کر دیا گیا، ہائی سپیڈ ڈیزل پر ڈیلرز مارجن میں 83 پیسے فی لٹر کا اضافہ کیا گیا، ہائی سپیڈ ڈیزل کے فی لٹر پر او ایم سی مارجن میں 71 پیسے کا اضافہ کیا گیا، پٹرولیم مصنوعات پر لیوی میں کوئی ردوبدل نہیں کیا گیا، سیلز ٹیکس، مارجن میں اضافے کا اطلاق 16 دسمبر سے ہوگا۔

حکومت کی جانب سے پیٹرول کی قیمت میں تین ماہ میں 22 روپے 52 پیسے بڑھانے کے بعد عوام کو 5 روپے کا ریلیف دیا گیا جبکہ اسی عرصے میں ڈیزل کی قیمت 22روپے 58 پیسے بڑھانے کے بعد 5روپے کا ریلیف دیا گیا۔

مٹی کے تیل کی قیمت تین ماہ میں 24روپے27پیسے فی لیٹر بڑھانے کے بعد 7روپے اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت تین ماہ میں 23روپے 38پیسے فی لیٹر بڑھانے کےبعد 7روپے 1پیسے کا ریلیف دیا گیا۔

15 ستمبر کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں5 سے 6 روپے تک اضافہ کیا گیا جبکہ 30 ستمبر کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فی لیٹر 2 روپے سے تقریباً 9روپے تک اضافہ کیا گیا۔

15 اکتوبر کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں پونے 9 روپے سے ساڑھے 12 روپے جبکہ نومبر کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں پونے 6 روپے سے سوا 8روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا۔

15 نومبر کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھی گئی تھیں اور 30 نومبر کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھی گئی تھیں۔ 

Advertisement