لاہور: (دنیا نیوز) شہباز شریف نے کہا ہے کہ آٹے، چینی، بجلی کی قیمتوں میں 100 فیصد اضافہ کیا گیا، تاریخ میں کبھی اتنا اضافہ نہیں ہوا، تحریک عدم اعتماد مہنگائی کے ستائے عوام کے لئے اصل ریلیف ثابت ہوگی۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ گھی اور خوردنی تیل کی قیمت میں اضافے کے بعد 10 روپے پٹرول کی کمی عملاً واپس ہوچکی ہے، ایل پی جی اور گیس کی قیمت میں اضافے کے بعد نام نہاد ریلیف ہوا میں تحلیل ہوچکا ہے، عوام کو ریلیف دینا ہے تو بجلی کی قیمتوں میں ماہانہ 4 روپے سے زائد اضافہ واپس لینے کا اعلان کیا جائے، خدشہ ہے کہ 10 روپے کا سیاسی ریلیف آنے والے دنوں میں ہر شہری کو سینکڑوں روپے مہنگائی کی صورت ادا نہ کرنا پڑ جائے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جھوٹے حکومتی پیکجز کا بوجھ بھی عوام کو اٹھانا پڑے گا، ایک طرف مہنگائی کے ستائے عوام اور دوسری طرف لٹیرے حکمران ہیں، گندم، چینی اور ایل این جی کی طرح حکومت پٹرولیم بحران پر آنکھیں بند کئے ہوئے ہے، ملکی تجارتی خسارہ سالانہ بنیادوں پر بڑھ کر 82 فیصد ہوگیا، گردشی قرض میں 114 فیصد سے زائد اضافہ ہوچکا ہے، تجارتی خسارہ 32 ارب ڈالر معیشت کی تباہ حالی کا بیان ہے، اس خسارے کی قیمت کو ن ادا کرے گا ؟۔