ملتان: (دنیا نیوز) ملتان میں واسا کی 9 پرانی اور 52 نئی سکیموں کیلئے 8 ارب روپے کا بجٹ درکار ہے ، حکومت نے ایک ارب دے کر خاموشی اختیار کر لی۔
تاریخی شہر ملتان میں تیرہ سو کلو میٹر کی لائن اپنی پینتیس سالہ میعاد پوری کر چکی ہے جس کی تبدیلی کیلئے حکومت نے 8 ارب روپے منظور کر کے صرف ایک ارب روپے فراہم کیے جس کی وجہ سے فنڈز کی قلت کو جواز بنا کر تا حال دو سو کلو میٹر کی لائن ہی تبدیل کی جاسکی ہے جس سے چونگی نمبر نو، پرانا شجاع آباد اور نواب پور میں سڑک بیٹھنے کے متعدد واقعات رونما ہوچکے ہیں جس کا شہریوں اور تاجروں نے حکومت سے صورتحال کا نوٹس لینے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
ایم ڈی واسا کا موقف ہے کہ فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث محکمے کیلئے ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کرنا بھی مشکل ہو گیا ہے تاہم محدود وسائل مختلف شاہراہوں پر سیوریج لائن کی مرمت کا کام جاری ہے جس کیلئے حکومت سے سپلیمنٹری گرانٹ بھی مانگ لی ہے۔
فنڈز کی عدم دستیابی پر چونگی نمبر نو ڈسپوزل کی اپ گریڈیشن اور دریائے چناب پر واٹرٹریٹمنٹ کا منصوبہ تاحال شروع نہیں ہو سکا جس سے سیوریج کے مسائل بھی کافی حد تک بڑھ گئے ہیں۔