الیکشن کی تاریخ دی جائے تو گرینڈ ڈائیلاگ کے لیے تیار ہیں: فواد چودھری

Published On 06 July,2022 05:44 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ الیکشن کی تاریخ دی جائے تو تحریک انصاف گرینڈ ڈائیلاگ کے لیے بالکل تیار ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت پے درپے ایسی حرکتیں کر رہی ہے جمہوریت ختم ہی ہوجائے، اس حکومت کا ہر دوسرے دن ایک نیا سکینڈل سامنے آرہا ہے، سولر کا ایک سکینڈل ہے جس پر تحقیقات ہونی چاہیے۔ ہمارے کسی ایک وزیر پرکرپشن کا کیس نہیں، ہمارے دور میں جو کیپٹن صفدر سے ہوا وہ سندھ حکومت نے کیا، سندھ میں 2 صحافیوں کا قتل ہوا اور سیاستدانوں پر مقدمات درج ہو رہے ہیں، سیاسی مسائل کا حل چاہتے ہیں لیکن پہلے الیکشن کی تاریخ دی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ مریم اورنگزیب سب سے پہلے جواب دیں آپ کے شوہر آسٹریلین شہری ہیں، انکے شوہر پاکستان میں ٹوبیکو انڈسٹری کی نمائندگی کر رہے ہیں، پچھلی دفعہ آپ کی لابی کے کہنےکی وجہ سے ٹوبیکو کی صنعت کو اربوں کی مراعات دی گئیں، آپ کی لابی کے کہنے کی وجہ سےخصوصاً فارن کمپنیوں کو رعایت دی گئی، اب علی ترین اور مریم اورنگزیب کی لابی کی وجہ سےٹوبیکو صنعت کو اربوں روپے کی ٹیکس مراعات ملیں۔

اس موقع پر شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ گرینڈ ڈائیلاگ تو وہ کریں جو عوام کا مینڈیٹ لے کر آئیں، پارلیمان میں کوئی اپوزیشن نہیں ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت پارلیمنٹ سے باہر ہے۔ موجودہ حکومت نے لاقانونیت کی انتہا کردی ہے، اگر آپ نے مارشل لا لگانا ہے تو صاف بتادیں، ہم جہاں جاتے ہیں راستے میں گاڑی روک دی جاتی ہے اور گھسیٹ کر غائب کردیا جاتا ہے۔
 

Advertisement