لاہور: (دنیا نیوز) سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان نے ایک بار پھر ضمنی انتخاب میں 13 جماعتوں کے اتحاد کو ان کی اوقات یاد دلادی، پے در پے شکستوں سے ثابت ہوا کہ امپورٹڈ حکومت کو عوام کی حمایت حاصل نہیں۔
اپنے ایک بیان میں میاں اسلم اقبال کا کہنا تھا کہ سازش کے ذریعے 27 کلومیٹر پر قابض امپورٹڈ سرکار کے دن گنے جا چکے، حقیقی آزادی کا قافلہ عمران خان کی قیادت میں منزل کی جانب رواں دواں ہے، عوام فیصلہ کریں گے کہ کس نے ملک پر حکمرانی کرنی ہے، قوم کی معاشی بدحالی کے ذمہ داروں کو اب جانا ہوگا۔
سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ عمران خان ملک کو مزید تباہی سے بچانے کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں، وفاق میں بیٹھا نا اہل ٹولہ عوام کے سمندر کے سامنے ٹھہر نہیں سکتا، عوامی لیڈر عمران خان کی مقبولیت نے کرپٹ ٹولے کی نیندیں اڑا دیں، لانگ مارچ جوں جوں اسلام آباد کی جانب بڑھ رہا ہے، سازشیوں کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں،عوامی مینڈیٹ کی توہین کرنے والوں کو خمیازہ بھگتنا ہوگا۔