راولپنڈی: (دنیا نیوز) سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے کہا ہے کہ معاشی، اقتصادی اور سیاسی تباہی کا ملبہ موجودہ نا اہل حکومت پر گرنا چاہیے کسی اور پر نہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ آج کل پریس کانفرنس نہیں پریشر کانفرنس ہو رہی ہیں، دو تین مہینے جیل کاٹنے سے قیامت نہیں آجاتی، جیل سے رہائی تحریری سیاسی توبہ کے مرہون منت ہے۔
— Sheikh Rashid Ahmed (@ShkhRasheed) May 24, 2023
انہوں نے کہا کہ پاکستانی روپیہ ٹکا ٹوکری ہو گیا ہے، معلوم نہیں ڈالر کہاں پر رکے گا، مسئلہ اقتصادی ہے، سازش کے تحت سیاسی بنا دیا گیا ہے تاکہ مصنوعی بجٹ پیش کیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: 9 مئی کے حقیقی مجرموں کو سزا دیں، بے گناہوں کو رہا کریں، شیخ رشید
شیخ رشید نے کہا کہ اگر عدلیہ بھی آبدیدہ اور بے بس ہوگئی تو پھر ملک کا اللہ ہی وارث ہے، ساری قوم 9 مئی کے واقعہ کی مذمت کرتی ہے اور ملزموں سے کوئی ہمدردی نہیں رکھتی لیکن چادر چار دیواری اور خواتین کا احترام ضروری ہے۔
— Sheikh Rashid Ahmed (@ShkhRasheed) May 24, 2023
سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ میرے خیال میں لیول پلیئنگ فیلڈ ہوچکا ہے، اگر نہیں ہوا تو 15 جون تک ہو جائے گا، اب سلیکشن ختم اور الیکشن ہونے چاہئیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ میں نے کلاشنکوف کے جھوٹے مقدمے میں 7 سال قید کاٹی، کڑیاں والا قتل اور 2 مرتبہ ختم نبوت میں بھی سسرال گیا ہوں اور اب پھر جانے کو تیار ہوں، جب تک گرفتار نہیں ہوتا روزانہ ٹوئٹ جاری رہے گی۔