اسلام آباد: (دنیا نیوز) قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے پر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے بین الپارلیمانوں اور بین الپارلیمانی یونین کے صدور کو خطوط ارسال کر دیئے۔
چیئرمین سینیٹ نے خطوط میں سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے حالیہ واقعہ پر تشویش کا اظہار کیا اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ اور مذہبی جذبات کو مجروح ہونے سے روکنے کیلئے اجتماعی کوششوں پر زور دیا، چیئرمین سینیٹ نے بین الپارلیمانی یونین کے اجلاس میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعہ کو ہنگامی ایجنڈا آئٹم کے طور پر شامل کرنے کا مطالبہ کیا۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے اپنے خطوط میں لکھا کہ عالمی امن، رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کیلئے وسیع تر عالمی تعاون کی ضرورت ہے، اسلام رواداری، امن، خوشحالی اور انسانیت سے محبت جیسی اقدار کو فروغ دیتا ہے، اس طرح کے واقعات دنیا بھر کے مسلمانوں کیلئے ناقابل برداشت تکلیف کا باعث ہیں، پارلیمنٹیرینز اور عالمی رہنماؤں کو اسلام کے بارے میں غلط فہمیوں کو دور کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
صادق سنجرانی نے لکھا کہ عالمی سطح پر لوگوں کو اسلام کی حقیقی تعلیمات سے آگاہ کرنیکی ضرورت ہے، بات چیت، افہام و تفہیم اور باہمی احترام عالمی امن کیلئے ناگزیر ہیں، قوموں کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، اس سے قبل چیئرمین سینیٹ سویڈش پارلیمنٹ کے سپیکر کو بھی خط ارسال کر چُکے ہیں، انہوں نے اسلام بارے غلط فہمیاں دور کرنے کیلئے سویڈش پارلیمنٹ سے خطاب کرنے کی تجویز دی تھی۔