لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش، نشیبی علاقے زیر آب

Published On 29 August,2023 07:15 am

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں آج دوسرے روز بھی کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش ہوئی جس کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا، بارش کی وجہ سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں۔

لاہور کے علاقے انار کلی، موچی گیٹ، بانساں والا بازار، لکشمی چوک، شملہ پہاڑی، قلعہ گجر سنگھ، مال روڈ ، اپر مال، اسلام پورہ، بند روڈ، سمن آباد، چوبرجی، نشتر ٹاؤن، جیل روڈ، تاجپورہ، چوک ناخدا، اقبال ٹاؤن، جوہرٹاؤن میں بھی بارش ہوئی جس کے بعد موسم خوشگوار ہونے پر شہریوں کے مرجھائے چہرے کھل اٹھے ہیں، بارش کی وجہ سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

ادھر جھنگ، شورکوٹ، ننکانہ صاحب، کروڑ لعل عیسن کے علاوہ پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی، بارش کے دوران بجلی کا نظام درہم برہم ہونے سے متعدد علاقے بجلی سے محروم ہو گئے ہیں۔

بارش کے بعد صوبائی دارالحکومت لاہور میں واسا کے عملے کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے جو مشینری کی مدد سے نشیبی علاقوں سے پانی نکالنے میں مصروف ہے۔