کراچی: (دنیا نیوز) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ دو، تین مجرموں کو سرعام پھانسی پر لٹکانے کی مثالیں قائم کرنے سے سب کو سبق مل جائے گا۔
گورنرسندھ کامران ٹیسوری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وکلاء عادی مجرموں کے کیسز نہ لیں، عادی مجرم دندناتے پھر رہے ہیں، کراچی کے عادی مجرموں کو سرعام پھانسی پر لٹکایا جائے، ایسی دوتین مثالیں بن گئیں تو شہر میں قتل کے واقعات نہیں ہوں گے۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ حکومت ایسے مجرموں کو سزا دلوائے، کراچی میں پڑھے لکھے نوجوانوں کو ٹارگٹ کیا جارہا ہے، مجرم ضمانتیں لیکر شہر میں سرعام گھوم رہے ہیں، عدالتوں کو بھی سٹریٹ کرائم پرایکشن لینا ہوگا، عادی مجرموں کو سزائیں ملیں گی تو شہرسے کرائم ختم ہوگا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وارداتوں کے مقدمات کا فالو اپ کریں گے، گورنرہاؤس میں سیل بنا کر ڈکیتی کے مقدمات کو دیکھیں گے، ہم نے کسی کو الزام نہیں دینا، ہمیں ان کیسز کے حل چاہئیں، ان کیسز کا حل تب ہوگا جب بلیم گیم ختم ہوگی۔
گورنرسندھ نے مزید کہا کہ ایک سال کے دوران کی گئی وارداتوں کا خود فالواپ کروں گا، کراچی میں مجرموں کو کوئی ڈر اور خوف نہیں ہے، روزانہ کی بنیاد پر شہر میں پولیس گشت کو بڑھانا پڑے گا، جرائم پیشہ افراد کو شہر سے نکالنے کے لئے سب کوگراؤنڈ پر آنا پڑے گا۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ سٹریٹ کرائم پر قابو پانے کے لئے سخت اقدامات کرنے ہوں گے، اتقا موٹرسائیکل سے گرگیا تھا، چھیننے والا چھین کر جاسکتا تھا، ڈکیتوں نے اتقا کو گولی مار کر قتل کیا۔