میرین ٹاسک فورس نے کراچی پورٹ ٹرسٹ کی بڑی زمین واگزار کرالی

Published On 25 February,2025 12:34 pm

کراچی (حمزہ گیلانی) وزیر اعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر میرین ٹاسک فورس نے کراچی پورٹ ٹرسٹ کی بڑی زمین واگزار کرالی۔

پورٹ انتظامیہ کے مطابق کراچی پورٹ ٹرسٹ کی 36 ارب سے زائد کی 50 ایکڑ قیمتی زمین قبضہ مافیا سے خالی کرائی گئی ہے، کیماڑی مچھر کالونی میں ٹاسک فورس نے کارروائی کرتے ہوئے 20 ایکڑ زمین واگزار کی۔

انتظامیہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ پاکستان رینجرز 33 ونگ نے تجاوزات کیخلاف کارروائی میں مکمل سکیورٹی فراہم کی، 100 سے زائد غیر قانونی تعمیرات میں گودام، دکانیں اور پناہ گاہوں کو مسمار کیا گیا۔

پورٹ انتظامیہ کے مطابق کے پی ٹی نے قبضہ مافیا سے ٹاسک فورس ایجنڈے کے تحت 9 آپریشنز کر کے 50 ایکڑ زمین خالی کرائی، ڈاکس کالونی، حجاز کالونی، کیماڑی مارکیٹ ایریا، یونس آباد، مچھر کالونی، سکندر آباد اور جنگل شاہ میں بھی تجاوزات کیخلاف کامیاب آپریشن ہوئے۔