وزیراعظم سمیت اہم سیاسی شخصیات کا بھارت میں طیارہ حادثے پر اظہار افسوس

Published On 12 June,2025 07:31 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بھارت میں طیارہ حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

سماجی روابط کی ویب سائٹ (ایکس) پر جاری بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے احمد آباد کے قریب ایئر انڈیا طیارہ حادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ یہ سانحہ انتہائی دلخراش ہے، متاثرہ خاندانوں کے لیے دعائیں اور ہمدردیاں دکھ کی اس گھڑی میں بھارتی عوام کے ساتھ ہیں۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے بھی ایکس پر جاری پیغام میں احمد آباد، گجرات میں ایئر انڈیا کی پرواز کے حادثے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ہماری ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی بھارت میں طیارے کے حادثے پر اظہار افسوس کیا اورکہا کہ آج بھارت میں طیارہ گرنےکا دلخراش واقعہ پیش آیا ہے، سانحے پر بھارتی عوام سے ہمدردی اور اظہار تعزیت کرتے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بھی احمد آباد میں بھارتی طیارہ گرنے سے 241 مسافروں کی ہلاکت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، مریم نواز نے کہا کہ طیارہ حادثہ میں ہلاک مسافروں کے ورثا کے غم میں شریک ہیں۔

خاتون اول اور رکن قومی اسمبلی آصفہ بھٹو زرداری نے بھی بھارتی طیارہ حادثے پر اظہار افسوس کیا اورکہا کہ ہماری ہمدردیاں متاثرہ افراد اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔