کوئٹہ :(دنیا نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان سرفرازبگٹی نے کہا ہے کہ صوبے میں مزید بدامنی برداشت نہیں کریں گے۔
بلوچستان اسمبلی میں بجٹ اجلاس میں اظہارخیال کرتے ہوئے سرفرازبگٹی کا کہنا تھا کہ صوبےکی ترقی اورخوشحالی ہماری ترجیح ہے، ہم کوئٹہ شہر میں خواتین کیلئے پنک بس سروس لارہے ہیں، ہم بلوچستان میں اپنے کلچر کو پروموٹ کرنے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے کلچر کیلئے اس سال 2ارب روپے کی خطیر رقم رکھی ہوئی ہے، ہم فرٹیلائزر سٹی بنانے جارہے ہیں، چمن،چاغی ،گوادراورتربت میں گندم کو محفوظ کرنے کیلئے پلانٹ بنارہے ہیں، بلوچستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ پی ایس ڈی پی میں کام کے معیار کے حوالے سے شکایات تھیں، پی ایس ڈی پی کے 250ارب روپے کا فائدہ صوبے کے نوجوانوں کو ہونا چاہیے، یہاں کے امن وامان کی صورتحال پر پورا پاکستان فکر مند ہے، لوگوں سے وعدہ کیا تھا کہ آپ کی شاہراہیں بند نہیں ہوں گی، آپ ہمارے وعدے پر 95فیصد عملدرآمد ہوا ہے۔
سرفرازبگٹی کا مزید کہنا تھا کہ جو قومی شاہراہوں پر آتے ہیں ان کو کیفرکردارتک پہنچائیں گے، ہم بلوچستان کو خوشحالی اورامن کی طرف لیکر جائیں گے،بلوچستان مزید بدامنی برداشت نہیں کرسکتا۔