کراچی: (رطابہ عروس) شہر قائد پر آج بھی بادلوں کا راج ہے اور مختلف علاقوں میں ہلکی و تیز بارش شروع ہوتے ہی موسم ایک بار پھر خوشگوار ہوگیا۔
ہفتے کے روز کراچی میں علی الصبح مختلف علاقوں میں ہلکی بوندا باندی شروع ہوئی جو بعد ازاں تیز بارش میں بدل گئی، آئی آئی چندریگر روڈ، اولڈ سٹی ایریا، ملیر، شاہراہ فیصل، صفورہ گوٹھ، قیوم آباد، گلشن اقبال، سرجانی ٹاؤن، نارتھ کراچی سمیت مختلف علاقوں میں بادل برستے رہے۔
جمعرات کی شب ہونے والی بارش سے کراچی کا موسم بدلتے ہی گزشتہ دن (جمعہ کو) بھر شہر کا موسم خوشگوار رہا جس کا سلسلہ آج بھی جاری ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج بھی کراچی کا مطلع ابر آلود رہے گا، شہر پر بادل چھائے رہیں گے جبکہ مغربی ہواؤں کے زیر اثر کراچی میں 29 جون تک بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔
آج دوپہر سے وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، شہر کا درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ہے ریکارڈ کیا گیا ہے تاہم گرمی کی شدت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کی جا رہی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، شہر میں شمال مشرق سمت سے 10 کلو فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے اور ہوا میں نمی کا تناسب 90 فیصد ہے۔